جوان نسلوں كو اسلامي معارف كي تعليم دينا بہت ضروري ہے : آيۃ اللہ العظميٰ صافي گلپائگاني
۲۸جون ۲۰۱۰ دوشنبہ كے دن حضرت آيۃ اللہ العظميٰ صافي نے ٹركي كے طلاب سے ملاقات كي ۔
معظم لہ نے اس ملاقات كے دوران حضرت زينب (س) كي وفات كے موقع پر تسليت پيش كرتے ہوئے جناب زينب سلام اللہ عليھا كو تمام عالمين كي عورتوں كے لئے نمونہ عمل قرار ديا اور فرمايا : حضرت زينب (س) نے واقعہ كربلا ميں بہت ہي اہم كردار ادا كيا اور اپنے خطبات و بيانات سے يزيدي ظلم و طغيان كو بے نقاب كر ديا ۔
مرجع عاليقدر نے حضرت زينب (س) كي قبر كے متعلق فرمايا : ايك احتمال يہ ہے كہ آپ كي قبر مصر ميں ہو ، چونكہ شہر قاہرہ ميں آپ كي مزار ہے جہاں رجب كي پہلي تاريخ سے آپ كے چاہنے والوں كا جم غفير رہتا ہے جو آپ سے متوسل ہو كر اپني مراديں پاتے ہيں ۔ وہاں پر بہت سي كرامات بھي رونما ہوئي ہيں ۔ شام ميں بھي آپ كي قبر ہے جس كي لوگ زيارت كرتے ہيں ۔
مرجع عالم تشيع نے ٹركي كے طلاب كي تبليغي اور اسلامي معارف كي ترويج كے سلسلے سے ان كي كاركردگيوں كو قابل قدر بتاتے ہوئے فرمايا : ميں آپ لوگوں كي كاركردگي ديكھ كر بہت خوش ہوا ، كاش ميں بھي آپ لوگوں كے ساتھ ہوتا اور اس با ارزش كام ميں آپ لوگوں كا حصہ دار ہوتا ۔
حضرت آيۃ اللہ العظميٰ صافي نے ولايت اہل بيت عليہم السلام كي اہميت پر روشني ڈالتے ہوئے طلاب سے مخاطب ہو كر فرمايا: آپ كا تبليغي سفر ،خدا و رسول اور قرآن كريم كي جانب سفر ہے ، آپ كي تبليغي كاركردگي جہاد ہے لہذا آپ اپنے اس كام كي قدر كريں اور موقع غنيمت جانتے ہوئے معارف اہلبيت كي دنيا بھر ميں ترويج كريں ۔
معظم لہ نے فرمايا :ميں بھي آپ لوگوں كي توفيقات ميں اضافے كي دعا كرتا ہوں اور اس بات كي اميد كرتا ہوں كہ آپ اپنے رفتار و گفتار سے تمام لوگوں كو معارف اہلبيت(ع) اور اسلامي تعليمات كي جانب دعوت ديں گے ۔
آپ نے فرمايا: مجھے اہلبيت (ع) كے پيرو ہونے پر فخر ہے ، ہميں اہلبيت اطہار عليہم السلام كے معارف كي ترويج كے لئے ہر موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور ٹركي ميں اہلبيت عليہم السلام كي تعليمات كے زيادہ سے زيادہ ترويج كرني چاہئے اور اپنے وظيفہ كي بہتر ادائگي كرني چاہئے ۔
حضرت آيۃ اللہ العظميٰ صافي نے فرمايا : ٹركي كے لوگ اہلبيت عصمت و طہارت سے محبت ركھتے ہيں اس لئے آپ كو منطم طريقہ سے اس ملك ميں اہلبيت عليہم السلام كي تعلميات كو نشر كرنا چاہئے ۔
مرجع عظيم الشان نے ايران سے باہر ديگر ممالك ميں ترويج دين اور تبليغ كے كام كو اہم بتاتے ہوئے فرمايا : اس مسئلہ پر غور كرنا چاہئے اور معاشرے ميں اہلبيت عليہم السلام كے معارف كي ترويج كرني چاہئے ۔
حضرت آيۃ اللہ العظميٰ صافي نے اس بات كي تاكيد كي كہ جوان نسلوں كو معارف اہلبيت عليہم السلام سے آشنا كرنا چاہئے اور فرمايا : مكتب تشيع كے علاوہ كسي مكتب فكر ميں ايسے بلند اور عظيم معارف نہيں مليں گے ۔
آپ نے اپني گفتگو كے دوسرے حصہ ميں مولائے كائنات كے خطبات اور خطوط كي جانب اشارہ كرتے ہوئے فرمايا : امام علي عليہ السلام كے خطبات بہت ہي پر مغز ،علمي اور معرفت بخش ہيں ۔ ضرورت اس بات كي ہے كہ ان تمام خطبوں كو لوگوں كے سامنے بيان كيا جائے ۔